من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کے بجائے ترقیاتی کام عوامی مفاد کے مطابق کیے جائیں۔ شکیل کے ڈی کونسلر سہرابی وارڈ گوادر

من پسند ٹھیکیداروں کو نوازنے کے بجائے ترقیاتی کام عوامی مفاد کے مطابق کیے جائیں۔ شکیل کے ڈی کونسلر سہرابی وارڈ گوادر
کونسلر سہرابی وارڈ گوادر شکیل کے ڈی نے کہا ہے کہ من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دینا، محلے کے لوگوں کو منتخب نمائندوں کے سامنے کھڑا کرنا اور پھر سوشل میڈیا کے ذریعے مخصوص افراد سے حمایت کروانا بلدیاتی سیاست اور ترقیاتی کاموں کا مقصد نہیں ہونا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں شکیل کے ڈی نے کہا کہ گزشتہ روز ایک ٹھیکیدار کی جانب سے جس لہجے اور انداز میں گفتگو کی گئی وہ انتہائی قابلِ مذمت ہے۔ سوال یہ ہے کہ ایک ٹھیکیدار کو اتنی جرات اور حوصلہ کہاں سے مل رہا ہے کہ وہ علاقے کے منتخب نمائندے اور عوام کے سامنے اس انداز سے بات کرے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو روز سے بعض افراد سوشل میڈیا پر سابقہ ادوار کی خامیوں کو بنیاد بنا کر موجودہ معاملات کا دفاع کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اگر سابقہ دور میں سب کچھ بہترین تھا تو کیا اس وقت عوام کو ان کے تمام حقوق اور سہولیات حاصل تھیں؟ اگر نہیں، تو آج کی غلطیوں کے دفاع کے لیے ماضی کی خامیوں کو جواز بنانا درست نہیں۔ غلطی ماضی میں بھی غلط تھی اور آج بھی غلط ہے۔
شکیل کے ڈی کے مطابق وہ گزشتہ دو روز سے ٹھیکیدار سے صرف اس بات پر گفتگو کر رہے ہیں کہ ترقیاتی کام علاقے کے لیے دیے گئے پروپوزل اور منظور شدہ منصوبے کے مطابق کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سورابی ون کے کام سورابی ون ہی میں اور سورابی ٹو کے کام سورابی ٹو میں ہونے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ترقیاتی کام ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل کرکے کیے جائیں گے اور منظور شدہ منصوبے کی اصل سمت تبدیل کی جائے گی تو بہتر ہے کہ پہلے کام روک کر مکمل حساب اور منصوبے کی تفصیلات واضح کی جائیں۔
کونسلر سہرابی وارڈ شکیل کے ڈی نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر ایک ٹھیکیدار منظور شدہ ترقیاتی کاموں کی سمت خود طے کرنے لگے، منتخب نمائندوں کو جواب دے اور علاقے کے لوگوں کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کرے تو عوام کو یہ جاننے کا حق حاصل ہے کہ اسے اتنا اختیار اور حوصلہ کس کی سرپرستی سے حاصل ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست میں آنے کا مقصد یہ نہیں تھا کہ عوام کو ٹھیکیداروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جائے یا چند من پسند افراد کو نواز کر دیگر علاقوں کو نظرانداز کیا جائے۔ ترقیاتی کام کسی ٹھیکیدار کی مرضی، دوستی یا سفارش کی بنیاد پر نہیں بلکہ منظور شدہ منصوبوں، قواعد و ضوابط اور عوامی ضرورت کے مطابق ہونے چاہئیں۔
شکیل کے ڈی نے کہا کہ اگر تمام ترقیاتی کام قانون، منظوری اور عوامی مفاد کے مطابق ہو رہے ہیں تو سوال اٹھانے پر کسی کو پریشانی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کا کسی ٹھیکیدار سے ذاتی اختلاف یا دشمنی نہیں، تاہم عوام کے حق اور علاقے کے ترقیاتی کاموں پر خاموش نہیں رہ سکتے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ گوادر میں تمام ترقیاتی منصوبوں پر شفاف انداز میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور یہ فیصلہ عوامی مفاد اور منظور شدہ منصوبوں کے مطابق ہو کہ ترقیاتی کام کہاں اور کیسے کیے جانے ہیں، نہ کہ چند من پسند ٹھیکیداروں کی مرضی کے مطابق۔
